Feb ۲۷, ۲۰۱۹ ۱۰:۵۱ Asia/Tehran
  • یورپی یونین پر اردوغان کی کڑی نکتہ چینی

ترکی نے یورپی یونین کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے قاہرہ میں گزشتہ ہفتے 9 افراد کو پھانسی دیئے جانے کے باوجود یورپی یونین کی جانب سے مصر میں اجلاس کے انعقاد پر کڑی نکتہ چینی کی۔

ترکی کے صدر طیب اردوغان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کیا ہم یورپی ممالک کے ساتھ جمہوریت کی بات کرسکتے ہیں جنہوں نے عبدالفتاح السیسی کی دعوت قبول کی جس نے اقتدارمیں آنے کے بعد سے اب تک 42 افراد کو پھانسی دی اور گزشتہ ہفتے 9 نوجوانوں کو تختہ دار پر لٹکایا جبکہ یورپ میں سزائے موت پر پابندی ہے۔ انہوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا اس کے باوجود ہم حقوق اور آزادی کی بات کر سکتے ہیں، یورپی یونین  اپنی پالیسی میں مخلص نہیں۔

یاد رہے کہ مصر نے 2015 میں پراسیکیوٹر جنرل ہاشم برکت کے قتل میں ملوث 9 افراد کو 20 فروری کو پھانسی دے دی تھی۔ قائرہ نے انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی متعدد اپیلیں بھی مسترد کردی تھیں۔

واضح رہے کہ مصر کے صدر السیسی نے سمٹ کی صدارت کی جو شہر شرم الشیخ میں منعقد ہوئی اور اس میں یورپی اور عرب ممالک کے مجموعی طور پر 40 قائدین نے شرکت کی۔

 

ٹیگس