Mar ۰۹, ۲۰۱۹ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
  • داعشی عناصر کو واپس لوٹنے کی اجازت نہیں ہوگی، سوئیس حکومت کااعلان

سوئیزرلینڈ کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ ان سوئیسی شہریوں کو جو دہشت گردوں کا ساتھ دینے کے لئے اپنا ملک چھوڑ کر چلے گئے تھے اب واپس لوٹنے کی اجازت نہیں دے گی اور یہ افراد اب انہی ملکوں میں رہیں جہاں انہوں نے جرم کا ارتکاب کیا ہے۔

سوئیزرلینڈ کی فیڈرل کونسل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوئیزرلینڈ کے ان شہریوں کے خلاف سزا کا تعین اور مقدمات کی کارروائی جو دہشت گردانہ سرگرمیوں میں شریک ہونے کے لئے مشرق وسطی چلے گئے تھے اب انہی ملکوں میں ہونی چاہئے جہاں انہوں نے دہشت گردی کے جرائم کا ارتکاب کیا ہے -

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ سوئیزرلینڈ ایک خصوصی بین الاقوامی عدالتی ادارہ قائم کرنے میں جتنا ہوسکے گا تعاون کرنے کو تیار ہے اور اگر یہ چیزعملی نہیں ہوتی تو دہشت گرد عناصر یا تو سوئیزرلینڈ میں داخل ہوتے ہی مقدمات کا سامنا کریں یا پھر ان ملکوں میں مقدمات کا سامنا کریں جن کے ساتھ سوئیزرلینڈ عدالتی امور میں تعاون کرتا ہے -

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت سوئیزرلینڈ کے تقریبا بیس شہری جن میں مرد و زن اور بچے شامل  ہیں عراق اور شام میں دہشت گرد گروہوں کی صفوں میں ہیں -

حالیہ برسوں کے دوران بعض غیر ملکی دہشت گرد عناصر جو عراق اور شام میں دہشت گرد گروہوں منجملہ داعش کی صفوں میں شامل تھے اپنے یورپی ملکوں کو لوٹے ہیں اور ابھی بھی یورپی ملکوں کے دہشت گرد عناصر عراق اور شام میں موجود ہیں - یورپی یونین کے اعداد وشمار میں کہا گیا ہے کہ یورپ کے تقریبا پانچ ہزار شہری مشرق وسطی میں دہشت گرد گروہوں میں شامل ہوئے ہیں۔

ٹیگس