Mar ۱۰, ۲۰۱۹ ۰۰:۱۱ Asia/Tehran
  • میکسیکو: نائٹ کلب میں فائرنگ سے 15 افراد ہلاک

میکسیکو کی وسطی ریاست گوانا جواتو کے علاقے میں ایک نائٹ کلب میں مسلح افراد کی فائرنگ سے کم ازکم 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوٹر آفس کے ترجمان جوان جوز مارٹینز کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے ایک خاتون سمیت 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق نائٹ کلب مرکزی ریاست گواناجواتو میں واقع تھا جہاں حکام نے ایندھن چرا کر بیچنے والے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی شروع کر رکھی ہے۔

ترجمان جوان جوز مارٹینز نے کہا کہ حملہ ہفتے کی علی الصبح ہوا جہاں کئی مسلح افراد نے وسطی شہر سلامانکا میں قائم لا پلایا نائٹ کلب میں فائرنگ کی اپنی گاڑیوں میں فرار ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاروں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ حملے میں نشانہ بننے والے افراد کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔

خیال رہے کہ میکسیکو کا شہر سلامانکا میں سرکاری آئل کمپنی پیٹرولیوس میکسیکانوس (پیمیکس) کی مرکزی پائپ لائن ہے جہاں تیل چوروں نے گزشتہ چند برسوں میں کمپنی کو 3 ارب ڈٓالر کا نقصان پہنچایا ہے۔

سلامانیکا، سانتا روزا ڈی لیما سے 60 میل سے بھی کم فاصلے پر واقع ہے جہاں حکام نے چند روز قبل گینگ کے مبینہ سربراہ جوان انتونیو یاپیز کے خلاف آپریشن کیا تھا۔

 

ٹیگس