Mar ۲۰, ۲۰۱۹ ۰۹:۰۸ Asia/Tehran
  • نیوزی لینڈ میں اللہ اکبر کی آواز ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے

وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن نے جمعہ کو اذان سرکاری ریڈیو اورٹیلی ویژن سے براہ راست نشر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ میں جاں بحق مسلمانوں کی یاد میں جمعہ کو اذان سرکاری ریڈیو اورٹیلی ویژن سے براہ راست نشرکی جائے گی جب کہ سانحہ کرائسٹ چرچ پرجمعہ کونیوزی لینڈ میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ نسل پرستی سے انتہا پسندی کو بڑھاوا ملتا ہے، نیوزی لینڈ کے اسلحہ قوانین میں سقم موجود ہیں جنہیں دورکریں گے، میتوں کی جلد تدفین نہ ہونے پر ورثا کے دکھ درد کا پتہ ہے، دہشت گردی کے بجائےان لوگوں کو یاد رکھا جائے جو اس واقعہ میں بچھڑ گئے۔

گزشتہ روزبھی نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کا اجلاس کرائسٹ چرچ دہشت گردی کے تناظرمیں تلاوت کلام پاک سے ہوا جب کہ وزیراعظم جیسنڈا آرڈن نے اپنے خطاب کی ابتدا بھی السلام علیکم کہہ کرکی تھی۔

واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں سفید فام عیسائی دہشت گرد نے دومساجد میں فائرنگ کرکے 50 معصوم مسلمانوں کو جاں بحق اور کئی افراد کو زخمی کردیاتھا۔

 

ٹیگس