Mar ۲۲, ۲۰۱۹ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
  • نیوزی لینڈ میں نماز جمعہ

نیوزی لینڈ کی مساجد میں دہشت گردانہ حملوں کے ایک ہفتے بعد نماز جمعہ کے موقع پر پورے ملک میں سرکاری طور پر ذرائع ابلاغ سے اذان نشر کی گئی۔

غیرملکی خبررساں اداروں کے مطابق جیسے ہی موذن نے اذان کے لئے اللہ اکبر کی صدا بلند کی پورے نیوزی لینڈ میں اس کی گونج سنائی دی- کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والی مسجد النور کے سامنے ہیگلے پارک میں نماز جمعہ کے اجتماع میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کے ساتھ ہزاروں غیر مسلم افراد نے بھی شرکت کی-

اس موقع پر وزیراعظم کے اعلان کے مطابق مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجکر بتیس منٹ پر دو منٹ کے لئے خاموشی بھی اختیار کی گئی- کرائسٹ چرچ کے ہیگلے پارک میں نماز جمعہ کے اجتماع میں پندرہ ہزار افراد نے شرکت کی-

گذشتہ ہفتے جمعے کو کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گردانہ حملے میں پچاس نمازی شہید اور بیس سے زائد زخمی ہو گئے تھے - اس واقعے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جمعہ کو سرکاری ذرائع ابلاغ سے اذان نشر کرنے اور خود کار ہتھیاروں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا-

اذان سے قبل نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے مسلمانوں سے ایک مختصر خطاب کیا اور کہا کہ نیوزی لینڈ آپ کے ساتھ سوگوار ہے اور ہم ایک ہی ہیں-

نیوزی لینڈ میں نماز جمعہ

 

ٹیگس