Mar ۲۵, ۲۰۱۹ ۱۱:۴۴ Asia/Tehran
  • افریقی ممالک میں سمندری طوفان 700 ہلاک

براعظم افریقہ کے جنوبی ممالک میں سمندری طوفان اور سیلاب کے باعث ہلاک ہونے والوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق طوفان و سیلاب سے متاثرہ سیکڑوں بے گھر افراد اب بھی امداد کے منتظر ہیں۔ طوفان 'ایڈائی' موزمبیق کے ساحلی شہر بیرا سے ٹکرایا تھا اور طوفان میں ہوا کی رفتار 170 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ اس حوالے سے وزیر ماحولیات سیلوز کوریا کا کہنا تھا کہ موزمبیق میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 242 سے بڑھ کر 417 ہو گئی۔

دوسرے افریقی ملک زمبابوے میں بھی طوفان سے 259 افراد ہلاک ہوئے جبکہ مَلاوی میں شدید بارشوں کے بعد طوفان سے 56 ہلاکتیں ہوئیں۔

تینوں ممالک میں متاثرین اپنے لواحقین کی تلاش کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹا رہے ہیں اور سیکڑوں افراد محفوظ مقام، خوراک اور پانی کی تلاش میں ہیں۔

موزمبیق کے صدر فلپ نیوسی نے قوم سے خطاب میں کہا تھا کہ علاقے کے دورے کے بعد ہمیں ایک ہزار سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقی انسانی بحران ہے، ایک لاکھ سے زائد افراد خطرے میں ہیں۔

دوسری جانب انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس کا کہنا تھا کہ بیرا میں تباہی کا تناسب کافی زیادہ اور خوفناک ہے‘۔ ریڈ کراس کے بیان کے مطابق5 لاکھ 30 ہزار افراد پر مشتمل شہر اور اس کے قریبی علاقے 90 فیصد تباہ ہوگئے ہیں۔

 

ٹیگس