Apr ۰۵, ۲۰۱۹ ۰۸:۱۶ Asia/Tehran
  • یمن جنگ کی حمایت ختم کی جائے امریکی کانگریس میں بل منظور

امریکی کانگریس نے یمن جنگ کی ’حمایت‘ ختم کرنے کا بل منظور کرلیاہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی کانگریس نے یمن میں سعودی عرب کی قیادت میں مسلط کی جانے والی جنگ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی عسکری حمایت کو قطعی طور پر مسترد کر دیا۔

مذکورہ بل ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس منظوری کے لیے جائے گا تاہم ان کی جانب سے بل پر ویٹو کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے مطابق بل سے شدید نوعیت کے آئینی تحفظات جنم لے چکے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کانگریس نے دہائی پر مشتمل جنگی اختیارات کی قرارداد کے خلاف قانونی طریقہ استعمال کرتے ہوئے غیر ملکی تنازعات کو روکنے اور انہیں ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔

خارجہ امور پر مشتمل کمیٹی کے چیئرمین ایلیوٹ اینجل نے کہا کہ ’کانگریس خارجہ پالیسی کے تناظر میں اپنے آئینی اختیارات کا بھرپور استعمال کرے گی‘۔

خیال رہے کہ یمن میں جنگ پانچویں سال میں داخل ہو چکی ہے اور ہزاروں لوگ شہید، زخمی جبکہ لاکھوں قحط سالی کا شکار ہو چکے ہیں جسے اقوام متحدہ نے دنیا کا سب سے بڑا انسانی بحران قرار دیا ہے۔

گزشتہ برس دسمبر میں نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یمن جنگ میں امریکا کا ہاتھ ہر جگہ نظر آتا ہے۔

امریکی اخبار نے اعتراف کیا تھا کہ امریکا انسانی بحران میں ملوث ہے جس سے شام اور عراق کے حوالے سے خطے اور دنیا میں غیر مستحکم اثرات آئیں گے۔

 

ٹیگس