Apr ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۹:۱۸ Asia/Tehran
  • مشرق وسطی سے متعلق ٹرمپ کے منصوبے کو مسترد کرنے پر یورپی سفارتکاروں کی تاکید

یورپی ملکوں کے سابق سیاستدانوں اور اعلی عہدیداروں نے کہا ہے کہ یورپ کو چاہئے کہ وہ مشرق وسطی سے متعلق امریکی صدر کے نئے منصوبے کو مسترد کر دے۔

یورپ کے سابق سیاستدانوں اور نیٹو کے سابق اعلی عہدیداروں منجملہ پچیس سابق وزرائے خارجہ، چھے سابق وزرائے اعظم، اور نیٹو کے دو سابق سیکریٹری جنرلوں نے یورپی یونین کے رکن ملکوں کے سربراہوں کے نام ایک خط ارسال کر کے فلسطین کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کی جانبدارانہ اور تفریق آمیز پالیسی کی مذمت کی-

یورپ کے سابق سیاستدانوں نے اپنے اس خط میں کہا ہے کہ یورپ کو چاہئے کہ وہ امریکا کے ایسے ہر منصوبے کو مسترد کر دے جس میں فلسطینیوں کے حقوق اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بات نہ ہو- 

خط میں کہا گیا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست ایسی ہونی چاہئے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو- یہ خط یورپی یونین  کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی اور یورپی یونین کے رکن ملکوں کے وزرائے خارجہ کو بھی ارسال کیا گیا ہے-

سینچری ڈیل فلسطینیوں کے حقوق کے خلاف امریکا کا نیا منصوبہ ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ امریکا نے یہ منصوبہ سعودی عرب جیسے ملکوں کے ساتھ مل کر تیار کیا ہے- فلسطینیوں نے اس منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ اس وقت تک کوئی تعاون نہیں کریں گے جب تک وہ فلسطینیوں کے خلاف اقدامات بند نہیں کر دیتا-

 

 

ٹیگس