Apr ۲۷, ۲۰۱۹ ۲۱:۵۹ Asia/Tehran
  • وینیزویلا کا امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کا عزم

وینیزویلا کے وزیر خارجہ نے امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کی غرض سے علاقائی اور بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ صلاح و مشورے کو ضروری قرار دیا ہے۔

نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وینیزویلا کے وزیر خارجہ خورخے ایریزا نے کہا کہ ہم چین، کیوبا اور روس سمیت امریکی پابندیوں سے متاثر ہونے والے تمام افریقی اور ایشیائی ملکوں کے ساتھ صلاح و مشورہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے ہر ایک ملک کے پاس امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کا تجربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور کیوبا دسیوں سال سے امریکی پابندیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔
وینیزویلا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری قوم بھی امریکی پابندیوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے اور سماجی صورتحال پر اس کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
خورخے ایریزا نے کہا کہ وینیزویلا، کیوبا اور نکاراگوا کو تباہ و برباد کرنا امریکی صدر کے انتخابی اہداف شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا دعوی ہے کہ انقلاب بولیوار ناکام ہو گیا ہے جس میں عوام کو صحت، تعلیم اور غذا جیسی سہولتیں مفت فراہم کرنے کی بات کی گئی ہے لیکن ہم آج بھی اسی ماڈل کی جانب گامزن ہیں اور اسے مکمل طور پر عملی جامہ پہنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وینیزویلا کے وزیر خارجہ نے کہا کہ استقامت اور مزاحمت کے مرحلے سے گزر کر ہم امریکہ کے مقابلے میں عملی اقدامات کی پوزیشن میں آجائیں گے۔
اسی دوران اطلاعات ہیں کہ صدر نکولس مادورو کے سیکڑوں حامی واشنگٹن میں واقع وینیزویلا کے سفارت خانے کے سامنے دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔
دو ہفتے سے جاری اس دھرنے میں شریک لوگ وینیزویلا کے سفارت خانے کو حکومت مخالف رہنما خوان گوایدو کے حوالے کیے جانے کی مذمت کر رہے ہیں۔
مظاہرین کا مطالبہ کہ امریکہ، وینیزویلا کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا سلسلہ بند اور اس کے سفارت خانوں اور سفارتی مراکز کو وینیزویلا کی منتخب حکومت کے حوالے کرے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ نے وینیزویلا کے صدر نکولس مادورو کی حکومت کے خلاف اپنے مخاصمانہ اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اس ملک کے وزیر خارجہ خورخے ایریزا پر بھی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
امریکہ نے اس سے پہلے وینیزویلا کے چیف جسٹس کارول پادیلا کا نام بھی پابندیوں کی فہرست میں شامل کر دیا تھا۔
وینیزویلا میں سیاسی بحران کے آغاز سے اب تک امریکہ اس ملک کے تیل اور بینکاری سیکٹر پربھی مختلف قسم کی پابندیاں عائد کر چکا ہے۔
امریکہ، وینیزویلا کے خلاف پابندیوں اور مخالفین کی حمایت کرکے، اس ملک کی سامراج مخالف حکومت کے تختہ الٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ٹیگس