Apr ۲۸, ۲۰۱۹ ۱۱:۵۱ Asia/Tehran
  • پاکستان کے خلاف امریکہ کا ایک اور معاندانہ اقدام

امریکہ نے پاکستان کو ان 10 ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا ہے جن پر ویزا پابندیاں عائد ہیں۔

امریکہ نے پاکستان سے دہشتگردی میں نمٹنے میں ناکامی اور دہشتگردوں کے خلاف ڈو مور کے مطالبے کے بعد اب پاکستان کو ان10 ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا ہے جن پر ویزا پابندیاں عائد ہیں۔

امریکہ نے اپنے ملک سے نکالے جانے والے یا ویزے کی مدت سے زیادہ قیام کرنے والے شہریوں کو واپس نہ لینے پر پاکستان پر ویزا پابندیاں عائد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔ یو ایس فیڈرل رجسٹر میں یہ نوٹی فکیشن 22 اپریل کو جاری کیا گیا اور اسی دن سے نافذ العمل ہے،جس کی رو سے پاکستان کو ان 10 ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے جن پر ویزا پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

واضح ر ہے کہ 10 میں 8 ممالک پر پابندیاں ٹرمپ انتظامیہ نے عائد کی ہیں، اس سے قبل گیانا پر 2001 میں اور گمبیا پر 2016 میں پابندیاں عائد ہوئیں تھیں،دیگر 8 ممالک کمبوڈیا، اریٹیریا ، گنی، سیرالیون پر 2017 برما اور لاؤس پر 2018 میں جبکہ گھانا اور پاکستان کو اس سال اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان میں قونصلر آپریشن فی الحال تبدیل نہیں کیا جائے گا تاہم امریکا پاکستانی شہریوں کو ویزوں کا اجرا روک سکتا ہے جس کا آغاز سینئر حکام سے ہو گا۔

یاد رہے کہ یہ معاملہ پاکستانی اور امریکی حکام کے درمیان ایک سال سے زائد عرصے تک زیر بحث رہا ، واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام کا موقف ہے کہ بیشتر معاملات میں بےدخل کیے جانے والوں کی قومیت ثابت نہیں ہوئی اور بعض کیسز میں ایسے افراد کی دستاویزات ضائع کردی گئیں یا ان میں جعلسازی کی گئی جس کی وجہ سے ان کی تصدیق نہیں ہوسکی ۔

ٹیگس