May ۰۱, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۲ Asia/Tehran
  • امریکی یونیورسٹی میں فائرنگ سے 2 ہلاک متعدد زخمی

امریکی ریاست نارتھ کیرولائینا میں واقع یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائینا میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست نارتھ کیرولائینا کے شہر شیرولیٹ میں واقع یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائینا میں نامعلوم شخص کی فائرنگ سے 2 افراد ہلاک جب کہ 4 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، فائرنگ سے ہلاک افراد کی عمریں 17 اور 18 سال ہیں۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی حالت نازک ہے جنہیں طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقام پرمنتقل ہونے کی ہدایت کردی۔

دوسری جانب حکام کے مطابق پولیس آپریشن کے دوران فائرنگ کرنے والے حملہ آور شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے جو کہ اسی یونیورسٹی کا طالب علم ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس نے یونیورسٹی کیمپس کو بند کر دیا جب کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

امریکہ میں اسلحہ رکھنے کی مکمل آزادی ہے جس کی وجہ سے فائرنگ کے واقعات اس ملک میں معمول بن گئے ہیں۔

امریکہ میں ہرسال فائرنگ کے واقعات میں ہزاروں افراد ہلاک و زخمی ہو جاتے ہیں۔ اس کے باوجود اسلحہ ساز فیکٹریوں کے مالکین امریکی کانگریس میں اثر و رسوخ رکھنے کی بنا پر ہتھیاروں کے کنٹرول کے سلسلے میں کوئی قانون ہی پاس نہیں ہونے دیتے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ بھی ہتھیار رکھے جانے کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

 

ٹیگس