Jun ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۰:۲۷ Asia/Tehran
  • بحیرہ عمان میں جہازوں پر حملے میں ایران ملوث نہیں : جاپان

جاپانی حکام نے سمندری تیل بردار جہازوں پر حملے کیلئے ایران مخالف امریکی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دستاویزات، ایران پر الزام لگانے کیلئے کافی نہیں ہیں

تفصیلات کے مطابق امریکی حکومت نے سمندری تیل بردار جہازوں پر حملے کا الزام ایران پر لگایا ہے لیکن جاپانی حکام نے امریکہ کی جانب سے پیش کردہ دستاویزات کو تسلیم نہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دستاویزات وہم و گمان کی بنیاد پر ہیں۔

یاد رہے کہ کیوڈ نیوز نے اتوار کے روز سرکاری حکام کے حوالے سے کہا تھا کہ اس حملے کا الزام ایران پر لگانے کے لیے امریکہ کی پیش کردہ ویڈیو کافی اور واضح نہیں اور کچھ بھی ثابت نہیں کرتی اس لئے جاپان نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس حملے کے سلسلے میں مزید تحقیقات کرے. جبکہ اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سچ جاننا اہم ہے جس کا آزادانہ ادارے کی تحقیقات کے ذریعے پتہ لگایا جاسکتا ہےجو حقائق کی تصدیق کرے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق بحیرہ عمان میں سفر کرنے والے آئل ٹینکروں میں حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا تھا۔

ایران کے ساحلی صوبے ہرمزگان کے ڈائریکٹر پورٹ اینڈ شپنگ اللہ مراد عفیفی پور کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ مذکورہ تیل بردار بحری جہازوں میں آگ فنی خرابی کی وجہ سے لگی تھی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تیل بردار بحری جہازوں کو حادثہ ایران کی حدود میں پیش نہیں آیا جبکہ ان پر جزائر مارشل اور پناما کا پرچم نصب تھا لہذا حادثے کی تحقیقات اور ان کے نتائج کا اعلان کرنا بھی مذکورہ ملکوں کی ذمہ داری ہے۔

 ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ حادثے کا شکار  ہونے والے تیل بردار بحری جہازوں کے عملے کے چوالیس ارکان کو ایرانی ریسکیو ٹیموں نے بحفاظت نکال کر جاسک کی بندرگاہ منتقل کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔

واضح رہے کہ امریکہ نے ایک بار پھر ایران دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے کسی بھی دستاویز کے بغیر حملے کی ذمہ داری ایران پرعائد کی جس کی ایران نے سختی سے تردید اور مذمت کی۔

ٹیگس