Jun ۳۰, ۲۰۱۹ ۰۷:۵۲ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی پسپائی، چین کے ساتھ تجارتی جنگ بندی پراتفاق

امریکا کی اپنے موقف سے پسپائی کے بعد دونوں ملکوں نے گزشتہ ایک برس سے ایک دوسرے پر ٹیکسوں کی گولہ باری کو روکنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تجارتی جنگ بندی پراتفاق کر لیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں ہونے والی جی-20 سمٹ کے دوران چین اور امریکا کے صدور کے درمیان سائیڈ لائن ملاقات میں اختلافات دور ہو گئے ہیں اور دونوں ممالک نے تجارتی جنگ بندی کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد نہیں کریں گے۔

تجارتی جنگ کے بادل اس وقت چھٹ گئے جب امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر یو ٹرن لیا اور چین کی مصنوعات پراضافی محصولات عائد نہ کرنے  کی یقین دہانی کرائی۔

تجارتی جنگ بندی پر اتفاق کے ساتھ ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی ہم منصب شی جن پنگ کے درمیان ماحول کے تحفظ کے حوالے سے بھی ڈیل طے پا گئی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالتے ہی ملکی معاشی پالیسیوں کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے چین کے ساتھ تجارتی محاذ کھڑا کردیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی درآمدی مصنوعات پر اربوں ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کیے تھے اور یہ سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا تھا جس کے عالمی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے تھے۔

 

ٹیگس