Jul ۰۸, ۲۰۱۹ ۰۷:۲۹ Asia/Tehran
  • ٹرمپ انتظامیہ نااہل اور ناکارہ: برطانوی سفیر

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں برطانیہ کے سفیر سر کِم ڈارک کی ای میلز لیک ہوگئی ہیں جن میں صدر ٹرمپ کی طرز حکومت پر شدید تنقید کی گئی ہے اور حیران کن انکشافات کیے گئے ہیں۔

برطانوی اخبار ’میل آن سنڈے‘  کو ذرائع سے موصول ہونے والی لیک ای میلز میں برطانوی سفیر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت میں وائٹ ہاؤس کی مجموعی کارکردگی کو ناکارہ اور کئی اہم فیصلوں پر منقسم پایا ۔

امریکی صدر کے دورہ برطانیہ سے قبل برطانوی سفیر نے اپنے ملک کے اعلیٰ حکام کو ای میلز میں مشورہ دیا تھا کہ صدر کے دماغ میں بات ڈالنے کے لیے آپ کو اپنے نکات کو سہل یہاں تک کہ دو ٹوک انداز میں پیش کرنا ہوگا جب کہ ایران سے متعلق امریکی پالیسی کے غیر مربوط اور خلفشار کا شکار ہونے کا تذکرہ بھی کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے ابھی تک ان میموز یا مراسلوں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم اس اہم انکشافات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں سرد مہری میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب برطانوی وزارت خارجہ نے اپنے سفیر کی لیک ای میلزکے معاملے کو ’شرارت‘ قرار دیتے ہوئے نظر انداز کرنے کا مشورہ دیا ۔

واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ امریکی صدر کے حوالے سے اس قسم کی باتیں سامنے آ رہی ہیں اس سے قبل تو ٹرمپ کے دماغی توازن کے خراب ہونے کی باتیں بھی سامنے آئی تھیں اور انھیں مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ اپنا علاج کرائیں۔

ٹیگس