Jul ۰۹, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • امریکی صدر ٹرمپ کو تنقید اور برطانوی سفیر پسند نہیں

امریکہ کے صدرنے پیر کو امریکہ میں تعینات برطانوی سفیر کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ انہیں زیادہ دنوں تک برداشت نہیں کرے گا۔

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے برطانیہ کے سفیر کم ڈروچ کی جانب سے ٹرمپ انتظامیہ کو عضو معطل قرار دیئے جانے پر سخت رد عمل میں برطانوی سفیر کے میل کا ذکر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ میں برطانوی سفیر کو نہیں جانتا، لیکن اسے امریکہ میں پسند نہیں کیا جاتا ہے، ہم اسے زیادہ دن تک برداشت نہیں کریں گے۔

امریکی صدر نے برطانوی وزیراعظم ٹریسا مئے اور ان کےبریگزٹ قضیہ کو سنبھالنے کے طریقوں پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا برطانیہ اور وہاں کی وزیراعظم ٹریسا مئے نے بریگزٹ کو جس طرح سے سنبھالا ہے اس کے بارے میں مجھ پر کافی نکتہ چینی ہوئی۔

یاد رہے کہ برطانوی اخبار ’میل آن سنڈے‘  کو ذرائع سے موصول ہونے والی لیک ای میلز میں برطانوی سفیر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت میں وائٹ ہاؤس کی مجموعی کارکردگی کو ناکارہ اور کئی اہم فیصلوں پر منقسم  قرار دیا ۔

امریکی صدر کے دورہ برطانیہ سے قبل برطانوی سفیر نے اپنے ملک کے اعلیٰ حکام کو ای میلز میں مشورہ دیا تھا کہ صدر کے دماغ میں بات ڈالنے کے لیے آپ کو اپنے نکات کو سہل یہاں تک کہ دو ٹوک انداز میں پیش کرنا ہوگا جب کہ ایران سے متعلق امریکی پالیسی کے غیر مربوط اور خلفشار کا شکار ہونے کا تذکرہ بھی کیا تھا۔

برطانیہ کے سفیر کے اس اہم انکشافات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں سرد مہری میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ امریکی صدر کے حوالے سے اس قسم کی باتیں سامنے آرہی ہیں اس سے قبل تو ٹرمپ کے دماغی توازن کے خراب ہونے کی باتیں بھی سامنے آئی تھیں اور انھیں مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ اپنا علاج کرائیں۔

ٹیگس