Jul ۱۴, ۲۰۱۹ ۰۹:۳۰ Asia/Tehran
  • امریکہ میں تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن

امریکہ میں تارکین وطن کے خلاف آج اتوار سے کریک ڈاؤن کیا جائےگا۔

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ تارکین وطن کے خلاف اتوار سے ملک گیر کریک ڈاؤن شروع کردیا جائے گا۔ کریک ڈاؤن کا بنیادی مقصد جنوبی امریکہ سے پناہ گزینوں کی آمد کو روکنا ہے۔

جاری کردہ احکامات کے تحت کارروائی امریکہ کے دس شہروں میں کی جائے گی جہاں عدالتی احکامات کے باوجود غیرقانونی تارکین کی بڑی تعداد مقیم ہے اور اس نے امریکہ کو خیرباد نہیں کہا ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق رواں ہفتے کی جانے والی بڑی کارروائی میں ہزاروں غیر قانونی تارکین وطن کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ صدر ٹرمپ کے واضح اعلان کے بعد ڈیمو کریٹس میئرز نے تارکین وطن کے حقوق سے متعلق آگاہی کے لیے بھرپور تشہیری مہم چلائی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وہ امریکہ میں مقیم غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کررہے ہیں۔

امریکہ میں کام کرنے والی انسانی حقوق اور سماجی انصاف کی تنظیمیں بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کو کڑی نکتہ چینی کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

ٹیگس