Jul ۲۵, ۲۰۱۹ ۰۷:۳۴ Asia/Tehran
  • برطانیہ میں اختلافات، کئی وزراء مستعفی کئی کے محکمے تبدیل

اختلافات کے باعث کچھ وزرا اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں جبکہ باقی کا منصب بدل دیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کا سلسلہ تیزی سے شروع ہوا اورتھریسامے دور کے کئی وزرا مستعفی ہو گئے اور جو باقی بچے ان کےعہدے تبدیل کر دیئے گئے ہیں۔

برطانیہ کے نئے وزیراعظم بورس جانسن نے آتے ہی کابینہ میں ردوبدل شروع کر دی، اختلافات کے باعث کچھ وزرا اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں جبکہ باقی کا منصب بدل دیا گیا ہے۔

بورس جانسن نے ساجد جاوید کو وزارت خزانہ، ڈومنک راب کو وزارت خارجہ، پریتی پٹیل کو وزارت داخلہ، بین والیس کو وزارت دفاع کا قلمدان سونپ دیا ہے جبکہ سٹیفن بارکلے گزشتہ چھ ماہ میں تیسرے وزیر برائے بریگزٹ مقرر کر دیئے گئے۔

بورس جانسن نے سابق وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ کو عہدے سے ہٹا کر نئی وزارت کی آفر دی تو وہ عہدے سے مستعفی ہوگئے، اس سے قبل وزیر خزانہ ہیلمنڈ فلپ اور وزیر انصاف ڈیوڈ گوکے بھی مستعفی ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں بورس جانسن کے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد سبکدوش ہونے والی وزیراعظم تھریسامے نے پارلیمنٹ سے الوداعی خطاب کے بعد ملکہ برطانیہ سے ملاقات کی اور اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔

تھریسامے کی ملاقات کے بعد بورس جانسن نے بھی ملکہ برطانیہ سے ملاقات کی۔

 یاد رہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے لیے بریگزٹ ڈیل پر بات نہ بننے پر وزیراعظم تھریسامے نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا تھا جس پر انتخابات ہوئے اور سابق وزیر خارجہ بورس جانسن نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

ٹیگس