Jul ۲۹, ۲۰۱۹ ۱۱:۲۷ Asia/Tehran
  • امریکہ: فوڈ فیسٹیول میں فائرنگ سے 14 ہلاک و زخمی

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں فوڈ فیسٹیول میں فائرنگ سے 14 افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہرسان جوزے کے قریب فوڈ فیسٹیول میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 11  زخمی ہو گئے، واقعہ کے فوراً بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جب کہ پولیس نے حملہ آور کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق علاقے میں ایک حملہ آور موجود ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور فوڈ فیسٹیول میں رکاوٹ کو ہٹانے کے بعد داخل ہوا اور اندھادھند فائرنگ کردی جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی، خاتون عینی شاہد کا کہنا ہے کہ حملہ آور سفید فام اور عمر 30 سال کے قریب تھی جب کہ اس کے ہاتھ میں رائفل تھی۔ تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جب کہ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ میں واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کومحفوظ جگہوں پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

فائرنگ کے اعداد و شمار جمع کرنے والے امریکی مرکز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 36 گھنٹے کے دوران میری لینڈ، لوئیزیانا، کنساس، ٹیکساس، پینسلوانیا اور نیویارک سمیت مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے پچاسی واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ اس مرکز کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے مذکورہ واقعات میں کم سے کم بتّیس افراد ہلاک اور اناسی دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں ہرسال ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہوجاتے ہیں۔ جبکہ اسلحہ ساز کمپنیوں کی حامی لابی کی مخالفت کے باعث ہتھیاروں کے کنٹرول کا کوئی قانون وضع نہ ہو سکا۔

ٹیگس