Sep ۰۸, ۲۰۱۹ ۰۸:۲۹ Asia/Tehran
  • ہانگ کانگ : حکومت مخالف مظاہروں میں شدت ٹرین خدمات متاثر

ہانگ کانگ میں حکومت مخالف مظاہروں میں ایک بار پھر تیزی آ گئی ہے۔

ہانگ کانگ کے کولون علاقہ میں سنیچر کو احتجاجی مظاہرین نے ایک تھانہ کے باہر آگ لگادی اور کئی ریلوے اسٹیشنوں کے آپریشن میں رکاوٹ ڈالی ۔

پولیس  کا کہنا ہے کہ کئ مظاہرین نے مانگ کوک کے پولیس اسٹیشن کا محاصرہ کرلیا اور پولیس اہلکاروں پر لیزربیم بھی ڈالی جس سے مجبورا پولیس اسٹیشن کی رپورٹ روم خدمات کو معطل کرنا پڑا۔

انھوں نے کہاکہ مظاہرے کے دوران کئ لوگوں نے پولیس اسٹیشن کے باہر آگ لگائی اور روڈ بھی بلاک کیا ۔

ہانگ کانگ میں پچھلے تین ماہ سے جاری بدامنی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ، تائیوان اور ماکاؤ کے معاملات چین کے لیے اہم چیلنج ہیں۔انہوں نے ملک کے تمام عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ تینوں چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے خود کو آمادہ کریں۔

قابل ذکر ہے کہ پچھلے چند ہفتوں کے دوران، ہانگ کانگ اور چین کے درمیان تحویل مجرمین سے متعلق متنازع بل کے خلاف ہزاروں لوگ ہانگ کانگ سٹی کی سڑکوں پر مظاہرے کرتے رہے ہیں۔ ہانگ کانگ کو انیس سو ستانوے میں برطانوی سامراج نے دوبارہ چین کے حوالے کیا تھا۔ چین ہانگ کو اپنا اٹوٹ حصہ سمجھتا ہے اور کسی بھی دوسرے ملک کو اس کے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتا۔ جزیرہ ماکاؤ بھی انیس سو ننانوے تک پرتگال کے قبضے میں تھا لیکن اب چین کا حصہ بن گیا ہے۔

ٹیگس