Sep ۰۹, ۲۰۱۹ ۱۶:۴۸ Asia/Tehran
  • ایران کے اقدام پر جرمنی کا ردعمل

جرمنی کے وزیرخارجہ نے ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے کے تعلق سے اپنے بعض وعدوں کو معطل کرنے کے لئے تیسرا قدم اٹھالئے جانے کے بعد کہا ہے جرمنی ابھی بھی پرامید ہے کہ ایٹمی معاہدے کو بچالیا جائے گا۔

جرمن وزیرخارجہ ہیکو ماس نے پیر کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ابھی بھی ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کے لئے کوئی حل تلاش کیا جاسکتا ہے لیکن یورپی ممالک اکیلے ایسا کرنے  کی توانائی نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران نے ایٹمی معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل درآمد کو مزید معطل کیا تو اس بقول ان کے دنیا کو غلط پیغام جائے گا۔
جرمن وزیرخارجہ نے کہا کہ تہران کو چاہئے کہ وہ ایٹمی معاہدے پر پوری طرح سے عمل کرے۔
واضح رہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر یورپی ملکوں کی جانب سے عمل نہ کئے جانے کے جواب میں کہا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل درآمد کو معطل کرتا رہے گا۔
ایران کا کہنا ہے کہ اگر یورپی ممالک ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد شروع کردیں گے تو وہ تیزی کے ساتھ اپنی پہلی والی پوزیشن پر لوٹ آئے گا اور ایٹمی معاہدے پر پوری طرح سے عمل کرےگا۔ 

 

ٹیگس