Sep ۱۴, ۲۰۱۹ ۲۲:۱۲ Asia/Tehran
  • ہلسنکی میں یورپی ملکوں کے وزرائے خزانہ کا اجلاس

یورپی یونین کے وزرائےخزانہ نے یونین کے مالی قوانین کو آسان بنانے کی راہوں کاجائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس تشکیل دیا۔

فنلینڈ کے دارالحکومت ہلسنکی میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں یورپی یونین کےوزرائے خزانہ نے تجارت کے میدان میں رکن ملکوں کی معیشت اور آمدنی کو مستحکم بنانے میں مدد دینے کی راہوں کا جائزہ لیا۔ یورپی کمیشن کے نائب سربراہ والدیس دومبروسکس نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوانین کو آسان بنانےکا مطلب اہم اور کلیدی اہداف پر نظرثانی کرنا نہیں ہے بلکہ اقتصادی معیاروں کی اصلاح اور ان سے استفادے کے طریقوں پرغور کر رہے ہیں۔اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ دوہزار پانچ اور پھر دوہزار تیرہ میں یورپی یونین کے قوانین میں تبدیلی کے بعد یہ قوانین اس قدر پیچیدہ ہوگئے ہیں کہ یورپی کمیشن ہر سال ایک سو صفحات پر مشتمل مالی قوانین کے بارے میں ایک کتابچہ شائع کراتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے مالی قوانین کی منظوری میں ایک سال سے زیادہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔