Sep ۱۴, ۲۰۱۹ ۲۲:۱۲ Asia/Tehran
  • یلوجیکٹ والوں کے چوالیسویں ہفتے بھی احتجاجی مظاہرے

فرانسیسی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف یلو جیکٹ تحریک کے حامیوں نے مسلسل چوالیسویں ہفتے بھی ملک کے مختلف شہروں منجملہ نانت میں احتجاجی مظاہرے کئے اور حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر اپنی شدید ناراضگی کااظہار کیا۔

پیرس سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ ہفتے کو فرانس کے مختلف شہروں میں یلوجیکٹ تحریک کے حامیوں نے مظاہرے کئے لیکن مغربی شہر نانت میں سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس ہفتے یلوجیکٹ تحریک نے قومی پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کا مرکز نانت شہر کو قرار دیا تھا۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی شہر کے اندر جبکہ اورلی ہوائی اڈے پر بھی مظاہرہ کیا گیا تاکہ ان کی صدائے احتجاج ان مسافروں تک بھی پہنچے جو بیشتر یورپی ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ فرانس میں یلوجیکٹ تحریک کے حامیوں کے چوالیسیوں ہفتے یہ احتجاجی مظاہرے ایک ایسے وقت ہوئے ہیں جب ایک روز قبل جمعے کو دارالحکومت پیرس میں ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال سے پورا شہر مفلوج ہوکر رہ گیا تھا۔ دوہزار سات کے بعد سے فرانس میں ٹرانسپورٹروں کی یہ سب سے بڑی ہڑتال تھی۔ یہ ہڑتال بھی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے خلاف کی گئی تھی۔