Sep ۱۹, ۲۰۱۹ ۱۵:۵۹ Asia/Tehran
  • بریگزیٹ معاملہ: یورپی پارلیمان نے برطانیہ کو مزید مہلت دے دی

یورپی پارلیمان نے برطانیہ کےیورپی یونین سے الگ ہونے یا نہ ہونے سے متعلق مقررہ اکتیس اکتوبر کی تاریخ میں مزید توسیع کی مشروط منظوری دے دی ہے

یورپی پارلیمان نے اپنے اجلاس میں اکتیس اکتوبر تک برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کی مدت میں توسیع کی منظوری اس شرط پر دے دی ہے کہ برطانیہ اس سلسلے میں درخواست کرے - یورپی پارلیمان نے اپنے اجلاس میں ایک قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی جس میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے کی مدت میں مشروط طور پر توسیع کی جاتی ہے - یورپی پارلیمان کے پانچ سوچوالیس ارکان نے قرارداد کے حق میں جبکہ ایک سوچھبیس نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا - اس قرارداد میں یہ شرط بھی عائد کی گئی ہے کہ برطانیہ سمجھوتے کے بغیر یورپی یونین سے الگ نہیں ہوگا اور نہ ہی اس سلسلے میں برطانیہ میں کوئی ریفرنڈم کرایا جائےگا - یورپی پارلیمان کے اجلاس سے خطاب کے دوران چئیرمین یان کلوڈ یانکر نے کہا کہ یورپی پالیمان کی جانب سے بریگزیٹ کی مدت میں توسیع کی منظوری کے بعد بھی برطانیہ کسی ڈیل کے بغیر ہی یورپی یونین سے الگ ہوسکتا ہے - برطانوی وزیراعظم جانسن یہ دعوی کرچکے ہیں کہ وہ اکتیس اکتوبر تک ہر صورت میں ڈیل یا بغیر ڈیل کے یورپی یونین سے الگ ہوجائیں گے جبکہ برطانیہ میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم جانسن پر یہ دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ یورپی یونین سے بریگزیٹ کی تاریخ میں مزید توسیع کی درخواست کریں - بریگزیٹ کے معاملے پر برطانیہ اور یورپی یونین کے درمیان اگلے ماہ مذاکرات کا ایک اور دور ہوگا جس میں برطانیہ کے یورپی یونین سے اکتیس اکتوبر تک الگ ہونے یا اس تاریخ میں توسیع کے معاملے پر بات ہوگی -