Sep ۲۶, ۲۰۱۹ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • ایران اور عراق کے صدور کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے نیویارک میں اپنے قیام کے دوران عراق کے صدر برہم صالح سے ملاقات میں کہا کہ عراق ہمارا دوست، برادر اور پڑوسی ملک ہے

صدر حسن روحانی نے اس ملاقات میں اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران اور عراق کے تعلقات کی گنجائش موجودہ سطح سے کہیں زیادہ ہے دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے سمجھوتوں پر جلد سے جلد عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ معاہدوں پر عمل درآمد دونوں ملکوں کے عوام کے نفع میں ہے -

صدر حسن روحانی نے ایرانی زائرین کی مہمان نوازی کے سلسلے میں عراقی حکومت کے اچھے تعاون اور اربعین حسینی کی آمد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایران اور عراق کے درمیان بینکنگ کے مسائل کوحل اور زائرین کے سفر میں آسانیاں فراہم کرنے کو سود مند بتایا۔

انہوں نے عراقی حکومت سے کہا کہ وہ اربعین حسینی سے پہلے پہلے زائرین کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے مزید اقدامات کرے - عراقی صدر نے بھی اس ملاقات میں ایران کے ساتھ ہمہ جانبہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے عراق کے عزم و ارادے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ تاریخی اور ثقافتی اشتراکات اور رشتے دونوں ملکوں کے تعلقات کی مضبوط دیوار ہیں -

عراقی صدر نے ایران اور عراق کے درمیان دائمی کمیٹیوں کی تشکیل کے امور میں پائی جانے والی رکاوٹوں کو دور کرنے پر زور دیا -

ٹیگس