Oct ۰۳, ۲۰۱۹ ۰۸:۳۹ Asia/Tehran
  • پاک و ہند کےمابین جنگ میں 10 کروڑ افراد کی ہلاکت کا خدشہ

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جوہری جنگ ہوئی تو 10 کروڑ افراد مارے جائیں گے ۔

سائنس ایڈوانس میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اگر جوہری جنگ کی نوبت آتی ہے تو دونوں ہی ممالک کو کافی نقصان ہوگا ۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی ہے ۔ دونوں کے درمیان گزشتہ کچھ وقت سے جاری کشیدگی کے درمیان امریکہ کی ایک رپورٹ نے کافی تشویشناک اعداد و شمار پیش کئے ہیں ۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جوہری جنگ ہوئی تو 10 کروڑ سے زیادہ لوگ مارے جائیں گے ۔

رٹگرس یونیورسٹی کے پروفیسر ایلن روباک اور دیگر سائنسدانوں کے مطابق جنگ کے دوران جو نقصان ہوگا ، اس کے بارے میں سبھی جانتے ہیں لیکن جنگ کے بعد بھی لاکھوں لوگ مارے جاتے رہیں گے ۔

سائنسدانوں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان جوہری جنگ کی صورت میں زمین پر پہنچنے والی سورج کی روشنی کافی کم ہوجائے گی ، جس کی وجہ سے بارش میں بھی کمی ہوگی ۔ ان سب کا اثر براہ راست زمین پر پڑے گا ، کھیتی تباہ ہوجائے گی اور پیداوار میں بھیانک گراوٹ آئے گی ۔

ریسرچ کرنے والوں کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے پاس 400-500 نیوکلیائی ہتھیار موجود ہیں ۔ جنگ کی صورت میں اگر ان ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا تو اس کا اثر عالمی ماحولیات کیلئے بھی تباہ کن ہوگا ۔

اس رپورٹ میں سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ اگر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جوہری جنگ ہوتی ہے ، تو جس طرح کے نتائج ہوں گے ، اس سے باہر نکلنے میں دنیا کو 10 سال سے بھی زیادہ عرصہ لگے گا ۔

ٹیگس