Oct ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۴:۴۲ Asia/Tehran
  • ایک اور امریکی وزیر یوکرین گیٹ کی بھینٹ چڑھ سکتا ہے

امریکی میڈیا میں ایسی خبریں سامنے آرہی ہیں کہ یوکرین گیٹ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اور وزیر استعفا دے سکتےہیں

پولیٹیکو نیوز ویب سائٹ نےخبردی ہے کہ امریکا کے وزیرتوانائی ریک پیری نومبر کے آخرتک اپنے عہدے سے مستعفی ہوسکتے ہیں - مذکورہ ویب سائٹ نے لکھا ہے کہ ریک پیری ابھی تک ٹرمپ انتطامیہ کے بیشتر متنازعہ معاملات سے خود کو دور رکھنے میں کامیاب رہے ہیں لیکن یوکرین کے ان کے متعدد دوروں اور یوکرینی حکام سے ان کے مذاکرات کے پیش نظر اس بار مواخذے کے تعلق سے ہونے والی تحقیقات میں ان کو شامل کیا جاسکتا ہے - مواخذہ کی تحریک صدر ٹرمپ اور ان کے قریبی ساتھیوں کے لئے بڑا درد سر بنتی جا رہی ہے- امریکی میڈیا میں کہا جا رہا ہے کہ وزیرتوانائی ریک پیری کے استعفےکے بعد ان کی جگہ نائب وزیرتوانائی ڈین بروئیلیٹ کو وزیر بنایا جا سکتا ہے - امریکی اینٹیلیجنس ادارے کے ایک افسر نے انکشاف کیا ہے کہ کچھ عرصے قبل ٹرمپ نے یوکرین کے صدر سے ٹیلی فونی گفتگو میں کہا تھا کہ وہ دوہزار بیس کے صدارتی امیدوار جو بایڈن اور ان کے بیٹے کے خلاف تحقیقات میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں- اس اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد جو یوکرین گیٹ کے نام سے مشہور ہے ایوان نمائندگان کی اسپیکر ننسی پلوسی کے حکم سے ٹرمپ کے مواخذے کی تحقیقات شروع ہوگئی ہیں اور اب تک ایوان نمائندگان کے دو سو پچیس ارکان مجوزہ تحریک مواخذہ کی حمایت کا اعلان کرچکے ہیں -

ٹیگس