Oct ۱۳, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۶ Asia/Tehran
  • برکینا فاسو: مسجد پر حملہ 16 نمازی جاں بحق

مغربی افریقہ کے ملک برکینا فاسو کے شمالی علاقے میں دہشتگردوں نے مسجد پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 16 نمازی جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق برکینافاسو کے شہر سالموسی میں واقع جامع مسجد میں رات گئے حملہ کیا گیا جہاں 13 نمازی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ دیگر تین افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

قریبی قصبے کے ایک رہائشی کا کہنا ہےکہ اس حملے کے بعد شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے، فوج کی موجودگی کے باوجود تناؤ کا ماحول پایا جاتا ہے۔

مسجد پر حملے کے بعد ایک ہزار سے زائد افراد نے دارالحکومت اواگادوگو کی جانب امن مارچ کیا اور افریقہ میں غیر ملکی فوجی بیسز کی موجودگی اور دہشتگردی کے خلاف احتجاج کیا۔

احتجاج کے منتظمین میں شامل گیبن کوربیوگو کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں غیر ملکی فوجیوں کی مداخلت کے لیے دہشت گردوں کو ایک اچھا بہانہ مل گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرانسیسی، امریکی، کینیڈین، جرمن اور دیگر فوجوں نے ہمارے خطے میں قدم جمارکھے ہیں اور کہتے ہیں وہ دہشت گردی کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں لیکن اس قدر موجودگی کے باوجود دہشت گرد گروپ مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برکینا فاسو میں القاعدہ کے چند گروپ اور داعش سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں نے شمال اور مشرقی علاقوں میں کارروائیوں کا آغاز کیا تھا جو بعد میں جنوبی اور مغربی علاقوں تک پھیل گیا تھا۔

ٹیگس