Oct ۲۱, ۲۰۱۹ ۰۷:۵۰ Asia/Tehran
  • امریکہ میں دو سالہ بچی، گن کلچر کی بھینٹ چڑھ گئی

امریکی ریاست پنسیلوانیا کے شہر فیلاڈلفیا میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک دوسالہ بچی ہلاک ہوگئی ہے

ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کی شام ایک نامعلوم مسلح شخص نے فیلاڈلفیا میں ایک گھر کی جانب اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں ایک دوسالہ بچی ہلاک اور اس کے ماں باپ زخمی ہوگئے۔

ابھی تک حملہ آور اور اس کے محرکات کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔

امریکہ کو تشدد، اغواء اور مسلح حملوں کی لہر کا سامنا ہے۔ امریکہ کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں ہزاروں افراد ہلاک اور زخمی ہوجاتے ہیں ۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں تقریبا دوسو ستر سے لے کر تین سو ملین تک آتشین ہتھیار موجود ہیں یعنی ہر شہری کے پاس تقریبا ایک ہتھیار ہے۔امریکہ میں انسانی حقوق کی حامی تنظیموں کی درخواست کے باوجود مضبوط اسلحہ لابی کے دباؤ کی بنا پر اب تک امریکی حکومت ، ہتھیاروں کی فروخت کے سلسلے میں کوئی قانون وضع کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی اسلحہ رکھنے کے پرزور حامیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ امریکی صدر نے اپنےدور صدارت کے آغاز میں امریکہ میں اسلحہ رکھنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئےکہا تھا کہ امریکہ میں ہتھیار رکھنے والوں کے حقوق کو مسلسل آٹھ برسوں تک پامال کیا گیا تاہم اب وہ دور ختم ہوگیا ہے اور اب وائٹ ہاؤس میں ان کا ایک حامی موجود ہے۔

ٹیگس