Nov ۰۲, ۲۰۱۹ ۱۱:۳۷ Asia/Tehran
  • تکراری پابندیوں سے امریکہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتا

ایرانی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ایران کے خلاف امریکہ کی نئی پابندیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تکراری پابندیوں سے امریکہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے آج ہفتہ کے روز امریکہ کی جانب سے ایرانی تعمیراتی شعبے پرعائد ہونے والی پابندیوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے تعمیراتی شعبے کی پابندیاں امریکی سفارتکاری کی کمزوری اور ناکامی کی علامت ہے.

سید عباس موسوی نے کہا کہ بد قسمتی سے امریکی حکومت سفارتی اور سنجیدہ اقدامات انجام دینے سے قاصر ہے اور صرف معاشی جبر و دہشت گردی پر انحصار کر رہی ہے.

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دوسرے ممالک اور عالمی تعلقات کے سامنے امریکہ کی منہ زوری کی پالیسی ایک عالمی مسئلہ بن گئی ہے.انہوں نے کہا کہ امریکہ پابندیوں اور دھونس و دھمکی کے بجائے جس سے اپنے مقاصد کو حاصل نہیں کرسکے گا، جوہری معاہدے کے وعدوں پر واپس آئے.

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے مئی 2018 میں غیر قانونی اور وہ بھی یکطرفہ طور پر جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد ایک بار پھرایران پر پابندیاں عائد کیں۔

ٹیگس