Nov ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران ایڈیشنل پروٹوکول پر رضاکارانہ طور پر عمل کر رہا ہے: آئی اے ای اے

ویانا کی بین الاقوامی تنظیموں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے آئی اے ای اے کی نئی رپورٹ کی خبر دی ہے۔

عالمی جوہری توانائی ادارے نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ وہ ایران کی جوہری سرگرمیوں کی نگرانی کا کام جاری رکھے گا۔

تفصیلات کے مطابق، ویانا کی بین الاقوامی تنظیموں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب "کاظم غریب آبادی" نے اس حوالے سے کہا کہ ایران جوہری معاہدے سے متعلق عالمی جوہری ادارے کے تصدیق کرنے والے اقدامات کا عمل 16 جنوری 2016ء سے اب تک جاری ہے۔

عالمی جوہری توانائی کی رپورٹ میں فردوجوہری تنصیبات میں یورینیم "یو ایف "6 کی افزودگی کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی یورینیم افزودگی کی سطح 5۔4 فیصد تک پہنچ گئی ہے اور ایرانی افزودہ یورینیم کے ذخائر بھی 3 نومبر تک 3۔373 کلوگرام تک پہنچ گئے ہیں۔

کاظم غریب آبادی نے مزید کہا کہ آئی اے ای اے کی رپورٹ میں ایرانی نئے سنٹری فیوجز کی تنصیب کا ذکر کیا گیا ہے۔

ویانا میں ایران کے مستقل نمائندے نے یہ بھی کہا کہ اس رپورٹ میں یہ تسلیم کیا گیا ہے کہ ایجنسی کو مطلوبہ سہولیات تک رسائی حاصل ہے اور ایران ایڈیشنل پروٹوکول پر رضاکارانہ اور عارضی طور پر عمل درآمد جاری رکھے گا۔

ٹیگس