Dec ۱۲, ۲۰۱۹ ۱۱:۲۳ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کی پارلیمنٹ ایک بار پھر تحلیل

غاصب صیہونی ریاست میں سیاسی بحران کے نتیجے میں پارلیمنٹ تحلیل ہوگئی اور اب ایک سال کے اندر تیسری بار پارلیمانی انتخابات ہونے جا رہے ہیں

آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق صیہونی ریاست کی دو اہم سیاسی پارٹیاں لیکوڈ اور بلو اینڈ وائٹ بار بار حکومت سازی کے عمل میں ناکام رہیں اور ان دونوں جماعتوں کو حکومت سازی کے لئے دی جانے والی آخری بار کی مہلت بھی بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ختم ہوگئی جس کے نتیجے میں صیہونی حکومت کی سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے آئندہ دو مارچ کو دوبارہ انتخابات کرانے پر اپنی رضا مندی ظاہر کردی ۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ستمبر میں صیہونی ریاست کے پارلیمانی انتخابات ہوئے تھے جس کے بعد لیکوڈ اور بلو اینڈ وائٹ پارٹیوں کے پاس حکومت کی تشکیل کے لئے چار ہفتے کا وقت تھا مگر دونوں پارٹیوں کے سربراہ کابینہ بنانے میں ناکام رہے۔ بعد ازاں اکیس نومبر کو صیہونی حکومت کے صدر نے صیہونی پارلیمان کو پابند کیا تھا کہ وہ تین ہفتے کے اندر وزیر اعظم کے طور پر کسی فرد کا انتخاب کرے مگر صیہونی پارلیمنٹ بھی اس عمل میں ناکام رہی۔

سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ تیسرے انتخابات کے بعد بھی یقین سے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ صیہونی حکومت کی کابینہ تشکیل پاسکے گی یا نہیں ۔

ٹیگس