Jan ۱۶, ۲۰۲۰ ۰۸:۰۳ Asia/Tehran
  • مسئلہ کشمیرپرسلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان 70 سال سے زائد دیرینہ مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کشمیر کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

اجلاس کا انعقاد اقوامِ متحدہ کے تحت ڈپارٹمنٹ آف پیس آپریشنز اور پولیٹکل اینڈ پیس بلڈنگ افیئرز کی جانب سے کیا گیا ہے جس میں 15 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا انعقاد مسئلہ کشمیر کی عالمی حیثیت کو ظاہر کرتا ہے اور عالمی برادری بھی اسے ایک اہم بین الاقوامی تنازعہ سمجھتی ہے۔ اجلاس کے بعد چین کے مستقل مندوب ژینگ جن نے میڈیا کو بتایا کہ اجلاس میں کشمیر کی زمینی صورتحال پر غور کیا گیا، کشمیر ہمیشہ سے سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے اور کشمیر پر چین کا مؤقف واضح ہے۔

روس کے مندوب دیمتری پولیانسکی نے کہا کہ سلامتی کونسل کے بند کمرے کے اجلاس میں کشمیر کا مسئلہ زیر بحث آیا، روس، پاکستان و ہندوستان کے تعلقات معمول پر لانے کا خواہشمند ہے، امید ہے دو طرفہ کوششوں سے پاکستان اور ہندوستان میں اختلافات دور ہو جائیں گے۔ اجلاس سے قبل بھی روسی مندوب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش ہے۔

گزشتہ برس اگست 2019 کے بعد مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا منعقد ہونے والا یہ تیسرا اہم اجلاس ہے ۔

واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیراس وقت شدید لاک ڈاؤن کا شکار ہے جہاں تحریرو تقریر پر پابندی کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ بھی بند ہے ۔

ٹیگس

کمنٹس