Jan ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۵:۰۲ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی یورپ کو ایک اور دھمکی

امریکی صدر نے دھمکی دی ہے کہ اگر یورپ کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے نہ پاسکا تو یورپی گاڑیوں کی درآمدات پر ڈیوٹی عائد کردی جائے گی۔

سوئیزرلینڈ میں جاری ڈیوس اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم یورپ کے ساتھ معاملات طے کرنا چاہتے ہیں تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو گاڑیوں کی درآمدات پر ڈیوٹی لگانے کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔

صدر ٹرمپ کی جانب سے گاڑیوں سمیت اہم یورپی مصنوعات پر ڈیوٹی عائد کرنے کی دھمکیوں پر بہت سے یورپی عہدیداروں اور کمپنیوں نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔

قبل ازیں روزنامہ واشنگٹن پوسٹ نے لکھا تھا کہ ٹرمپ نے یورپ کے نام اپنے دھمکی آمیز پیغام میں کہا ہے کہ اگر اس نے ایران کے خلاف امریکی پالیسیوں کی پیروی اور نیوکلیر ڈسپیوٹ میکنیزم کو فعال نہ کیا تو، یورپ سے درآمد کی جانے والی گاڑیوں پر پچیس فی صد ڈیوٹی عائد کردی جائے گی۔

ٹرمپ کے دباؤ کے بعد ایٹمی معاہدے کے رکن تین یورپی ملکوں برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے گزشتہ ہفتے ایک بیان جاری کرکے، ایٹمی معاہدے کے مصالحتی نظام کو فعال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ اگر ایران کے معاملے کو دوبارہ سلامتی کونسل میں لے جانے کی کوشش کی گئی تو ایران ایٹمی عدم پھیلاو کے معاہدے این پی ٹی سے باہر نکل جائے گا۔

ٹیگس