Feb ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۸:۴۳ Asia/Tehran
  • ڈیموکریٹ ٹرمپ کی سالانہ تقریر کا بائیکاٹ کریں گے

امریکی ایوان نمائندگان کے ڈیموکریٹ ارکان نے صدر ٹرمپ کی سالانہ تقریر کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے جبکہ کانگریس کی خواتین ارکان سفید لباس پہن کر احتجاج کریں گی۔

ہل نیوز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سالانہ تقریر کے دوران کانگریس کی خاتون ارکان گزشتہ سال کی مانند سفید لباس پہن کر آئیں گی۔

اس اقدام کا مقصد خواتین ارکان پارلیمنٹ کے بارے میں صدر ٹرمپ کے توہین آمیز بیانات پر اعتراض کرنا ہے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ ٹرمپ کے مواخذے کی سخت حمایت کرنے والے ارکان کانگریس بھی ٹرمپ کی سالانہ تقریر کا بائیکاٹ کریں گے۔

ڈیموکریٹ رکن اسٹیون کوہن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں جھوٹی باتیں سننے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔رکن پارلیمنٹ ایل گرین نے بھی صدر ٹرمپ  کی سالانہ تقریر میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایل گرین نے شروع ہی سے ٹرمپ کی تقاریر کا بائیکاٹ کر رکھا ہے اور آج تک کسی بھی ایسے اجلاس میں شریک ہونے سےگریز کرتے رہے ہیں۔

چھے ڈیموکریٹ ارکان نے دوہزار انیس میں بھی صدر ٹرمپ کی سالانہ تقریر کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔ جبکہ دوہزار اٹھارہ میں چودہ ارکان نے ٹرمپ کی تقریر کا بائیکاٹ کیا تھا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یوکرین گیٹ اسکینڈل میں اپنے مواخذے کی منظوری کے بعد پہلی بار ایوان نمائندگان کی سربراہ نینی پیلوسی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا آمنا سامنا ہوگا۔

ٹیگس