Feb ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۴:۲۷ Asia/Tehran
  • کرونا، سیاسی محرکات میں مبتلا وائرس

دنیا پچھلے چند ماہ سے کرونا وائرس نامی نئے بحران سے دوچار ہے، ایک تازہ بیماری جس نے دنیا بھر کے ملکوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

کرونا وائرس کا پھیلاؤ دسمبر دوہزار انیس میں مشرقی چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووھان سے شروع ہوا تھا۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق دنیا میں اسی ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس میں مبتلا ہیں اور دوہزار سات سو سے زائد افراد اس مہلک وائرس کے نتیجے میں لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

یہ وائرس چین کے تیس شہروں کے علاوہ دنیا کے اڑتیس ملکوں میں سرایت کرچکا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی اس وائرس کے متعدد کیس سامنے آچکے ہیں۔

ایران کے قرب و جوار کے ممالک اور اسی طرح یورپ و امریکہ جو کل تک اس بیماری میں مبتلا افراد کے اعداد و  شمار چھپانے کی کوشش کر تے رہے ہیں، ایران کی جانب سے وائرس کے سرایت کرجانے کے اعلان کے بعد، غلط معلومات اور خبریں شائع کرنے میں مصروف ہیں اور اپنی کمزوریوں کو چھپانے کے لیے ایران کے ساتھ سرحدیں بند کرنے کا شور مچا کر اس بار کرونا وائرس کے بہانے ایرانوفوبیا پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حالانکہ ایران میں کرونا وائرس کے چند کیس سامنے آتے ہی، ایران کی وزارت صحت کے اعلی عہدیداروں نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے امریکی پابندیوں کے باوجود، اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے موثر کوششوں کا آغاز کردیا تھا اور اس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ایران کی وزارت صحت کی جاری کردہ رپورٹوں کے مطابق کرونا پر قابو پانے کے لیے انجام پانے والے اقدامات کے نتیجے میں ایران کے بہت سے شہروں میں اسپتال آنے والوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ اس بیماری سے نجات پانے والے افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

کرونا وائرس اس وقت ایران کے ارد گرد واقع ممالک سمیت جن کی سرحدیں چین سے بھی ملتی ہیں، دنیا کے اڑتیس ملکوں میں پھیل چکا ہے۔ بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ بھی ان ممالک میں شامل ہے جو اب تک اپنے یہاں کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق خبروں کو سینسر کر رہے ہیں۔

رپورٹوں کے مطابق کرونا وائرس مغربی ایشیا کے بیشتر ممالک میں پھیل چکا ہے اور سعودی عرب کی وزارت صحت نے بھی منگل کے روز اس وائرس میں مبتلا اٹھارہ افراد کی موت کی تصدیق کی ہے۔سعودی وزارت صحت کے مطابق دو سو چوالیس افراد میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت رہا ہے اور انہیں اسپتال میں بھرتی کردیا گیا ہے۔

بحرین، کویت اور عمان کی متعلقہ وزارتوں نے بھی اپنے متعدد شہریوں کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔

کرونا وائرس یورپی ملکوں میں بھی تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور اٹلی اس حوالے سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ اٹلی کی وزارت صحت نے منگل کی شب اعلان کیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد دس ہوگئی ہے، جبکہ اس وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد ساڑھے تین سو کے قریب پہنچ گئی ہے۔

آسٹریا، سوئزرلینڈ، اسپین اور کروشیا جیسے یورپی ملکوں نے بھی اپنے ہاں کرونا وائرس میں مبتلا افراد کی تصدیق کی ہے۔

ٹیگس