Mar ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۵:۴۹ Asia/Tehran
  • کورونا نے اٹلی کو قرنطینہ کیا، یورپی یونین کا ہنگامی اجلاس طلب

اٹلی کے وزیر اعظم نے آج صبح کہا کہ کورونا وائرس نے پورے اٹلی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

اٹلی کے وزیر اعظم کونتہ نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں کورونا سے اب تک 9 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں اور یہ وائرس شمالی علاقوں کو چھوڑ کر پورے ملک میں پھیل رہا ہے۔

اٹلی میں ایک روز میں 97 اموات ہو چکی ہیں جس کے بعد تعداد 463 ہوگئی اٹلی میں 9172 مریض کورونا وائرس سے متاثر ہیں، جس کے سبب پورے ملک میں لاک ڈاؤن کیا جارہا ہے، 6 کروڑ افراد کی نقل و حرکت پر پابندی لگادی گئی ہے۔ ملک میں کوئی عوامی اجتماع نہیں ہوسکے گا۔ 

سینما، تھیٹر اور جم بند کردیے گئے ہیں، جبکہ شادی اور تدفین میں بھی لوگوں کی شرکت نہیں ہوسکے گی نیزتعلیمی ادارے 3 اپریل تک بند رہیں گے۔ جبکہ کورونا سے دنیا بھر میں اموات کی تعداد 4005 ہوگئی ہے اور وائرس سے 112 ممالک متاثر ہو چکے ہیں۔

اس درمیان کورونا کے پھیلاؤ اور عالمی شیئربازاروں میں حصص کی تیزی سے گراوٹ کے پیش نظر یورپی یونین نے مجبور ہو کرفوری اور ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے-

یورپی کونسل کے سربراہ چارلز میشل نے کہا کہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے طریقوں کا جازہ لینے کے لئے منگل کو یورپی یونین کے رکن ملکوں کے رہنما ٹیلی فون کانفرنسنگ کے ذریعے ہنگامی اجلاس منعقد کریں گے-

یورپی یونین کا یہ ہنگامی اجلاس ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد عالمی بازار حصص میں شدید گراوٹ آئی ہے اور یہ گراوٹ دوہزار آٹھ کے مالی بحران کے بعد سب سے نچلی سطح پر آگئی ہے اور اس کا عالمی اقتصاد پر شدید اثر مرتب ہوا۔ چنانچہ تیل کی قیمتوں میں بائیس فیصد تک کمی آگئی ہے ۔

قابل ذکر ہے کہ اس وقت کورونا وائرس دنیا کے قریب ایک 114 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔ اب تک اس وائرس میں 114000 سے زائد افراد مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے 64000 سے زائد صحتیاب ہونے میں کامیاب ہوئے جبکہ 4000 سے زائد افراد کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔

کورونا وائرس خلیج فارس کے عرب ملکوں میں بھی پھیلتا جارہا ہے ۔چنانچہ سعودی عرب میں اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کردی گئی جبکہ مساجد اور دیگر مقامات پر لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہو چکی ہے-

بحرین، کویت اور قطر میں بھی کورونا وائرس کے شکار لوگوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے-

غاصب صیہونی حکومت کے زیرقبضہ علاقوں میں بھی کورونا میں مبتلا بیماروں کی تعداد تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے -

ٹیگس