Mar ۱۰, ۲۰۲۰ ۲۲:۵۳ Asia/Tehran
  • کورونا ٹیسٹ دینے سے گریزاں ہیں ٹرمپ

کورونا میں مبتلا کئی کانگریسی ارکان سے قریبی رابطے میں رہنے کے باوجود امریکی صدر ٹرمپ کورونا کا ٹیسٹ دینے سے بھاگ رہے ہیں۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری اسٹیفن گریشام نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ نے کورونا کا ٹیسٹ نہیں دیا کیونکہ وہ لمبےعرصے تک کسی ایسے مریض کے ساتھ نہیں رہے ہیں جو کورونا میں مبتلاء رہا ہو۔

پیر کو ایک پریس کانفرنس میں جب ایک صحافی نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ دیا یا نہیں ؟ تو امریکی صدر نے اس سوال کا جواب نہیں دیا اور وہ کانفرنس ہال چھوڑ کر چلے گئے۔

قابل ذکر ہے کہ اس وقت ریاست جارجیا اور فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے دو ریپبلکن امیدوار ڈاگ کالینز اور مٹ گائٹز نے خود اپنے قرنطینہ ہونے کی خبر دی ہے۔ انھوں نے یہ قدم گذشتہ مہینے کنزرویٹیو شخصیات کی کانفرنس میں ایک ایسے شخص سے رابطے کے بعد اٹھایا ہے جو کورونا میں مبتلا ہے۔

کالینز نے جمعے کو بیماریوں کی روک تھام کرنے والے ایک مرکز کا دورہ کیا تھا اور وہاں لوگوں سے ہاتھ بھی ملایا تھا جبکہ گائٹز بھی پیر کو ان کے ساتھ طیارے میں موجود تھے۔

وائٹ ہاؤس اسٹاف کے نئے سربراہ مارک میڈوز نے بھی کنزرویٹیو شخصیات کے سیاسی اقدام سے متعلق کانفرنس میں شرکت کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا میں مبتلا افراد کی تعداد 722 ہوگئی ہے جبکہ 26 مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کورونا کو کم اہمیت دیئے جانے کی بنا پر امریکہ میں انھیں شدید تنقیدوں کا سامنا ہے۔

ٹیگس