Mar ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۲:۱۴ Asia/Tehran
  • دنیا بھر میں کورونا سونامی

دنیا بھر میں کورونا کےسائے میں، مرنے والوں کی تعداد 4 ہزار 979 ہو گئی ہے۔

چین سے شروع ہونے والا کورونا اب دنیا کے 127ممالک تک پھیل گیا۔ اٹلی میں ایک روز میں 189 ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سولہ سے تجاوز کر گئی۔ ایران میں 429 افراد کورونا کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے۔

جنوبی کوریا میں سڑسٹھ، اسپین میں چھیاسی، امریکا میں اکتالیس جاپان میں انیس، برطانیہ میں دس افغانستان میں ایک شخص کورونا سے ہلاک ہو گیا۔ سعودی عرب میں کرونا کے شکار افراد کی تعداد 45 ہو گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکام نے اقامہ ہولڈرز کو 72 گھنٹوں میں واپس پہنچنے کا حکم دے دیا ہے۔

فلپائن کے صدر روڈریگو نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے دارالحکومت منیلا کا لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔ نیپالی حکومت نے ماؤنٹ ایورسٹ پر کوہ پیمائی کے لیے 30 اپریل تک پابندی لگا دی۔

امریکہ میں میری لینڈ اور اوہائیو صوبے نے کوروناوائر س کی وبا کی روک تھام کے لئے اسکولوں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

اوہائیو کے گورنر مائیک ڈیون نے ایک بیان میں کہا کہ 16 مارچ پیر سے تین اپریل تک سبھی اسکول بند رہیں گے ۔

پاکستان میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس رپورٹ ہو گیا، متاثرہ شخص نے اسلام آباد سے کراچی سفر کیا تھا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق اب تک 251 میں سے 15 کیسز میں کرونا کی تصدیق ہوئی جس کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 22 ہوگئی ۔

سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو 30 مئی تک بند رکھنے اور نویں‌ دسویں‌ کے امتحانات منسوخ‌ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ بلوچستان میں تعلیمی اداروں کو 31 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔

ادھر بلوچستان میں ایران سے جانے والے 1900 پاکستانی زائرین کو قرنطینہ کی 14 روز کی مدت پوری ہونے پر تفتان سے کوئٹہ روانہ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہےکہ کورونا وائرس کی خطرناک وبا سے نمٹنے اور ہر ممکن اقدامات کیلئے پاکستان تیار ہے اور تفتان سرحد پر زائرین اور ٹرکوں کی آمدورفت دوبارہ سے شروع ہو چکی ہے۔

ٹیگس