Mar ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۰:۳۴ Asia/Tehran
  • دنیا میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 862 افراد ہلاک

ہرچند کہ چین نے کورونا پر قابو پا لیا ہے تاہم دنیا کے دیگر ممالک میں کورونا کا قہر جاری ہے اور ہر روز بڑے پیمانے پر کورونا سے ہلاکتیں ہورہی ہیں۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعدادبڑھ کر 6606 ہوگئی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے 13903 نئے کیسز سامنے اور862 لوگ انتقال کرگئے ۔

اٹلی اور اسپین میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 3000 اوراسپین میں 1000 سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

اٹلی میں اب تک 27980 لوگ کورونا کی زد میں آ چکے ہیں جبکہ 2158 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔اورتقریباً 2749 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں ۔

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا میں کورونا وائرس کے  3700 متاثرین کی تصدیق ہوچکی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 74 ہوگئی ہے۔ اس کے بعد امریکا کی مختلف ریاستوں میں ہنگامی حالات نافذ کیے جارہے ہیں۔ نیوجرسی ریاست میں رات کے اوقات میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

مصر نے کورونا وائرس سے متاثر تقریباً 40 نئے معاملوں کی تصدیق کی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے انفیکشن سے دو لوگوں کی موت ہوئی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان خالد محید نے بتایا کہ ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 166 تک پہنچ گئی ہے۔

مراکش میں مہلک کورونا وائرس  سے متاثر لوگوں کی تعداد بڑھ کر37 ہوگئی ہے۔

فرانس میں کورونا کے مدنظر کارپوریشن انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کئی ممالک نے اہم اقدامات شروع کردیے ہیں۔ فرانس نے منگل اور  روس نے بدھ سے اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ یورپ میں پرتگال اور اسپین نے بھی دونوں ممالک کے مابین پروازیں اور ٹرین سروس معطل کردی ہے اور سرحدیں بند کردی ہیں۔

دنیا بھرمیں رپورٹ ہونے والے متاثرین میں سے اب بھی چین میں متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ چین کے قومی ہیلتھ کمیشن کے مطابق پیر تک چین میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 80 ہزار 860 ہے تاہم جوہن ہاپکن یونیورسٹی کے مطابق دنیا میں یہ تعداد 87 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

اسی طرح چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3208 ہے جب کہ دنیا میں مجموعی طور پر یہ تعداد چین کے مقابلے میں بڑھ گئی ہیں۔

 

ٹیگس