Mar ۳۰, ۲۰۲۰ ۲۲:۴۷ Asia/Tehran
  • امریکا نے کورونا کے علاج کے لئے دوائیں تجویز کیں لیکن...

کورونا کی زبردست تباہی کا سامنا کر رہے امریکا میں طب اور غذائی شعبے نے کلوروکین اور ہائیڈروکسی کلوروکین دواؤں کو کورونا وائرس سے متاثر بیماروں کے علاج کے لئے استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔

امریکا کے مذکورہ شعبے نے اس کے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ ان دواؤں سے علاج صرف اسپتال کے اندر ہی ہونا چاہئے۔

یہ دونوں دوائیں ملیریا کے علاج کے لئے استعمال کی جاتی ہیں۔

امریکا کے ایریزونا صوبے میں کورونا کے ایک مریض نے گھر میں ہی فوسفیٹ کلوروکین دوا کھا لی تو اس کی موت ہوگئی، اس لئے اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ کوئی بھی مریض اس دوا کو از خود استعمال نہ کرے۔

امریکا اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں اب تک تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

امریکی ریاست نیویارک میں مرنے والے افراد کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہوگئی ہے جبکہ امریکا کی دیگر ریاستوں میں بھی ہلاکتوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک کم از کم 7 لاکھ 55 ہزار افراد متاثر جبکہ 36 ہزار سے زائد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

ٹیگس