Apr ۰۳, ۲۰۲۰ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran
  • امریکہ، سرکردہ ڈیموکریٹ رہنماؤں کا ڈونلڈ ٹرمپ کو انتباہ

امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹ ارکان نے صدر امریکہ کے نام ایک خط لکھ کر انہیں ایران کے خلاف کسی بھی قسم کے فوجی اقدام کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔

سی بی اس ٹیلی ویژن کے مطابق سرکردہ ڈیموکریٹ رہنماؤں پر مشتمل امریکی کانگریس کے آٹھ رکنی گروپ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے نام خط میں انہیں کسی بھی ایسے اقدام کی بابت سخت خبردار کیا ہے جو ایران کے ساتھ جنگ کا سبب بن سکتا ہو۔ 
کہا جا رہا ہے کہ امریکی کانگریس کے آٹھ ڈیموکریٹ رہنماؤں نے یہ خط ستائیس مارچ کو ارسال کیا تھا اور اس میں ایران کے خلاف کسی بھی فوجی اقدام کی بابت ٹرمپ انتظامیہ کو سخت خبردار کیا گیا ہے۔ 
کانگریس کے آٹھ ڈیموکریٹ رہنماؤں کا یہ گروپ جسے اعلی سطحی اداروں کی جانب سے انتہائی خفیہ معلومات ارسال کی جاتی ہیں، اُس نے صدر ٹرمپ کو حکم دیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف کسی بھی اقدام سے پہلے کانگریس سے مشورہ کریں۔ 
اس خط میں عراق میں فوجی کاروائی کے لیے پینٹاگون کے اعلانِ آمادگی سے متعلق رپورٹوں کی جانب بھی اشارہ کیا گیا ہے۔ 
اس سے پہلے امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ نے ایک قرار داد کے ذریعے ایران کے خلاف صدر ٹرمپ کے جنگی اختیارات میں کمی کی منظوری دی تھی۔ 
اب کانگریس میں ڈیموکریٹ پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں کا خط ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کے خلاف جنگ کا راگ الاپنا شروع کر دیا ہے۔ 

ٹیگس