Apr ۰۸, ۲۰۲۰ ۲۲:۵۰ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی دھمکی پر عالمی ادارہ صحت کا سخت رد عمل

عالمی ادارہ صحت نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے لگائے گئے جانبداری کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بننے والی نازک صورتحال میں فنڈز روکنے کی دھمکی نامناسب ہے۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کے مشیر بروس ایلوارڈ نے آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایچ او ایک غیر جانبدار ادارہ ہے جس نے چین سمیت کورونا وائرس میں مبتلا دیگر ممالک کی یکساں مدد کی ہے اس حوالے سے صدر ٹرمپ کا بیان حقائق کے منافی ہے۔

بروس ایلوارڈ نے ٹرمپ کی فنڈز بند کرنے کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا ایک خطرناک وائرس سے نبرد آزما ہے اور یہ وقت فنڈنگ روکنے کا نہیں بلکہ ایک دوسرے کا ہاتھ مضبوط کرنے کا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مشیر کا کہنا تھا کہ کورونا کے حوالے سے ہم نے صرف چین کی مدد نہیں کی بلکہ دوسرے ممالک سمیت اسپین کی بھی مدد کی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر چین کے لیے جانبدار ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سست روی کے ساتھ فیصلے اور اقدامات کیے گئے جس کی وجہ سے یہ عالمی وبا سنگین ہوگئی۔

ٹیگس

کمنٹس