Apr ۱۶, ۲۰۲۰ ۲۲:۴۲ Asia/Tehran
  • ٹرمپ نے ساری دنیا کو خطرے میں ڈال دیا ہے: ننسی پلوسی

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ننسی پلوسی نے عالمی ادارہ صحت کے خلاف اس ملک کے صدر کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ نے اپنے اس کام سے امریکہ اور دنیا کے عوام کی جان خطرے میں ڈال دی ہے۔

ننسٹی پلوسی نے اپنے ایک بیان میں عالمی ادارہ صحت ڈبلیو اچ او کی امداد روکنے کے صدر ٹرمپ کے فیصلے کو خطرناک ، غیر قانونی اور غیر منطقی قرار دیا اور کہا کہ اسے  فورا چیلنج کیا جائے گا۔ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر ننسی پلوسی نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کورونا وائرس کے خلاف عالمی جنگ کو لیڈ کر رہا ہے لیکن افسوس کہ ٹرمپ پہلے ہی دن سے اس بین الاقوامی ادارے کے ماہرین کو اہمیت نہیں دے رہے ہیں اور سائنس کو نظر انداز کر رہے ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ نے بدھ کو عالمی ادارہ صحت پر کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے بھرپور اقدامات نہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ وہ اس ادارے کا سالانہ فنڈ روک دیں گے۔ امریکہ ہر سال ڈبلیو اچ او کی چار سو سے پانچ سو ملین ڈالر تک کی مدد کرتا ہے جو اس ادارے کے سالانہ چھے ارب ڈالر کے بجٹ کا ایک معمولی حصہ ہے۔

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹڈروس ایڈھانوم نے امریکی صدر کے اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس