May ۱۷, ۲۰۲۰ ۱۱:۲۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان و پاکستان، کورونا نے اب تک 3745 افراد کی جان لی

دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی کورونا وائرس سے کیسز اور اموات میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے 4987 نئے کیسز سامنے آئے۔ اس طرح اب تک متاثرین کی کل 90927 ہو گئی جبکہ 120 افراد کی موت کے بعد ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2872 ہو گئی ہے. 

رپورٹ کے مطابق 34109 لوگ اس انفیکشن سے مکمل طور پر ٹھیک ہوکر اسپتالوں سے چھٹی پا چکے ہیں۔

ہندوستان میں کورونا سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ریاست کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے. مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1606 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 30706 ہو گئی ہے جبکہ 1135 لوگ اب تک اپنی جان بھی گنوا چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 40 ہزار 151 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 873 ہو گئی۔

کورونا وائرس کے ملک میں 27 ہزار 937 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ 11 ہزار 341 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ یعنی 305 ہلاکتیں ہوئیں۔ اس کے بعد سندھ میں 268 افراد، پنجاب میں 252، بلوچستان میں 36 افراد اور گلگت بلتستان میں 4 افراد کورونا کے سبب جاں بحق ہوئے ہیں۔

وفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں 947 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 7 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

ٹیگس