May ۲۷, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۰ Asia/Tehran
  • کورونا نے امریکہ کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک

امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ذرائع ابلاغ نے منگل کے روز رپورٹ دی ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد بڑھکر سترہ لاکھ، پچّیس ہزار، دو سو پچہتّر ہو گئی ہے جن میں سے ایک لاکھ پانچ سو بہتر افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

دنیا میں سب سے زیادہ امریکہ میں لوگ کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں اور اسی ملک میں سب سے زیادہ اموات بھی واقع ہوئی ہیں۔

امریکہ نے دیگر ملکوں کے مقابلے میں کورونا وائرس کی تشخیص کا عمل دیر سے شروع کیا ہے اور اب اسے کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور اس بیماری کے مقابلے کے لیے ضروری وسائل اور ٹیسٹ کٹس کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ 

کورونا وائرس سے ہونے والی اموات میں تیز رفتار اضافے کے باعث امریکہ میں لاشوں کی تدفین کا معاملہ بھی بحرانی شکل اختیار کر گیا ہے جس کے پیش نظر حکام نے کورونا سے مرنے والوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کرنا شروع کر دیا ہے۔ 

 کورونا کے پھیلاؤ کے بعد امریکہ کی تاریخ میں پہلی بار ملک کی تمام پچاس ریاستوں میں پہلے ہنگامی حالت کے نفاذ اور پھر نیشنل ڈیزاسٹر یا قومی المیے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ 

کورونا وائرس کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ  رویئے کی وجہ سے حکومت امریکہ اور خاص طور سے صدر ٹرمپ کو اندرون ملک سخت تنقیدوں کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ 

ٹیگس