Aug ۱۰, ۲۰۲۰ ۰۸:۰۵ Asia/Tehran

مقبوضہ فلسطین کے ہزاروں صیہونیوں نے گزشتہ شب بھی نتن یاہو کی مالی بد عنوانیوں کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی فوری برطرفی کا مطالبہ کیا۔

ٹائمز آف اسرائیل نے رپورٹ دی ہے کہ تل ابیب کی بالفور اسٹریٹ پر واقع صیہونی وزیر اعظم کے گھر کے سامنے ہزاروں مظاہرین نے اکٹھا ہو کر بدعنوانیوں میں ملوث نتن یاہو کے استعفے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین کے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھے جن پر ’’نتن یاہو استعفیٰ دو‘‘ اور ’’نتن یاہو ہمارے لئے باعث شرم ہے‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ پولیس نے اس موقع پر مظاہرین کو اپنے محاصرے میں لے لیا۔ مظاہروں کے دوران سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں پر تشدد واقعات بھی رونما ہوتے ہیں۔ اب تک سیکڑوں افراد زخمی یا گرفتار ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک صیہونی کورٹ نے اکیس نومبر کو، مالی بدعنوانیوں، اختیارات کے ناجائز استعمال اور دھوکہ دھی کے الزامات کے تحت صیہونی وزیر اعظم نیتن یاہو پر باضابطہ فرد جرم بھی عائد کر دی ہے۔

نتن یاہو کو ریاستی سودوں میں بدعنوانیوں کے چار بڑے مقدمات کا سامنا ہے جن کی مجموعی مالیت کئی ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔

 

ٹیگس

کمنٹس