Sep ۱۱, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۹ Asia/Tehran
  • ایک اور عرب طاقت غاصب اسرائیل کے سامنے جھکنے کو تیار: ٹرمپ کا انکشاف

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور ملک کے اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کا انکشاف کیا ہے تاہم انہوں نے اس ملک کا نام ظاہر نہیں کیا ہے۔

عرب اسرائیل دوستی منصوبے کے ترجمان بن چکے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرسکتے ہیں اور کچھ ہی عرصے میں دیگر ممالک بھی عرب اسرائیل منصوبے میں شامل ہوں گے اور مشرق وسطیٰ میں امن ہوگا۔

امریکی صدر نے کہا کہ ان کی سعودی عرب کے بادشاہ سے فون پر بات ہوئی ہے اور مذاکرات کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بڑے ملک بھی اس میں شامل ہوں گے۔

اگرچہ ٹرمپ نے صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے تعلقات کو عیاں کرنے والے ملک کا نام ظاہر نہیں کیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ بحرین، سوڈان اور سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات برقرار کرنے والے ہیں اور اس حوالے سے امریکہ، اسرائیل اور ان ممالک کے مابین تمام امور طے ہو چکے ہیں اور صرف اعلان باقی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے مابین امن معاہدہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں ممالک باہمی تعلقات استوار کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔

ٹیگس