Oct ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • ٹرمپ جوبائیڈن کی لفظی جنگ جاری

امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن نے صدر ٹرمپ کو صدارتی انتخابات میں امریکہ کے لئے بدترین انتخاب قرار دیا ہے جبکہ ٹرمپ نے بھی جوبائیڈن پر شدید حملہ کیا ہے۔

غیر ملکی ذرائع کے مطابق امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے نامزد امیدوار جوبائیڈن نے ریاست اوہایو کے شہر سینسنیٹی میں امریکہ کے اقتصادی مستقبل کو مبہم قرار دیا۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ وہائٹ ہاؤس کے حکمرانوں منجملہ صدر ڈونلڈ کی وجہ سے امریکی خواتین اور غیر سفید فام شہریوں کے لئے بہت زیادہ مسائل و مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔

جوبائیڈن نے اسی طرح امریکہ میں کورونا وائرس کے مسلسل بڑھتے ہوئے قہر اور  اس وبا میں جانی نقصانات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے نتیجے میں دو لاکھ سے زائد امریکی شہریوں کی جانوں کے ضیاع کے ذمہ دار بھی خود ٹرمپ ہی ہیں۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جوبائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ نے کووڈ انیس کے خطرے کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ انہوں نے ٹرمپ کو جھوٹا اور دھوکے باز قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ، نسل پرستی کے رواج سے بڑے صدمے میں ہے۔

سروے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ قومی سطح پر ٹرمپ کے مقابلے میں جوبائیڈن صدارتی انتخابات میں مقبولیت کے لحاظ سے کافی آگے چل رہے ہیں۔

کورونا وائرس کے مقابلے میں ٹرمپ کی کمزور کارکردگی اور نسل پرستی کے خلاف احتجاج کو کچلے جانے کی حمایت میں ٹرمپ کے بیانات و اقدامات، بیشتر امریکی شہریوں میں ناراضگی کا باعث بنے ہیں۔

اُدھر امریکی صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں اپنے حریف ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیموکریٹس امریکہ کو ایک سوشلسٹ ملک میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈونلڈ نے اپنے اس ٹوئٹ میں جوبائیڈن پر لفظی حملہ کرتے ہوئے دعوی کیا کہ امریکی عوام ایک سوشلسٹ قوم کی حیثیت سے باقی نہیں رہ سکتے جبکہ ڈیموکریٹس یہی چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ہرگز وینزوئیلا کی بڑی تصویر میں تبدیل نہیں ہو گا۔

انہوں نے اپنے انتخابی حریف کی توہین کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کہنے کو کچھ بھی نہیں ہے۔

ٹرمپ نے جوبائیڈن کو ایسے وقت میں نشانہ بنایا ہے کہ امریکی ریپبلکنز ارکان صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی ممکنہ شکست پر گہری تشویش میں مبتلا ہیں۔

امریکہ کے ریپبلکن سینیٹر ٹڈ کروز نے حال ہی میں خبردار کیا ہے کہ صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی شکست کی صورت میں امریکہ میں واٹر گیٹ رسوائی کے مختلف پہلؤوں میں خونی کھیل شروع ہو جائے گا۔

 

ٹیگس