Oct ۳۰, ۲۰۲۰ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • امریکہ میں انتخابی بلووں کا خطرہ، سیکورٹی ادارے تیار

امریکہ میں تین نومبر کے صدارتی انتخابات کے بعد کی ہنگامی صورتحال اور ممکنہ تشدد و بدامنی سے نمٹنے کی غرض سے ملک بھر کے سیکورٹی ادارے تیاری کی حالت میں آگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق واشنگٹن کی میئر موریئل بوزر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ تین نومبر کے انتخابات کے بعد بدامنی کے ممکنہ واقعات سے نمٹنے کے لیے شہری انتظامیہ پوری طرح آمادہ ہے۔ واشنگٹن کی میئر کا کہنا تھا کہ موجودہ صدارتی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا معاملہ ماضی سے مختلف ہے  اور ہم جانتے ہیں کہ بعض لوگ مارپیٹ اور مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔

واشنگٹن پولیس چیف پیٹر نیوشام نے انتخابات کے دن اندرون  شہر بدامنی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس انتظامیہ تین نومبر اور اس کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

دوسری  جانب ریاست  وسکانسن کے گورنر ٹونی اورز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل گارڈ کے چار سو اہلکار سادہ لباس میں انتخابات کے دن اور اس کے بعد کے ایام میں مقامی انتخابی عملے کی حفاظت کے لیے تعینات کیے جارہے ہیں۔

 اس سے پہلے سی این این ٹیلیویژن نے بھی گزشتہ ہفتے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ وزارت داخلہ خود کو تین نومبر کے انتخابات کے بعد کی ممکنہ صورتحال کے لیےآمادہ کر رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حتی امیگریشن اور بارڈر سیکورٹی فورس کو بھی احکامات جاری کردیئے گئے ہیں کہ تین نومبر کے انتخابات کے نتائج کے خلاف ہونے والے مظاہروں کو کنٹرول کرنے کے لیے انہیں بھی فوری طور پر متعلقہ شہروں میں طلب کیا جاسکتا ہے۔

امریکہ کے صدارتی انتخابات کے بعد بدامنی کی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ایک اور اقدام کے طور پر امریکہ بھر کے  اسٹوروں اور سپر مارکیٹوں میں دستیاب ہر قسم کا اسلحہ اور کارتوس  شلیف سے ہٹا دیئے گئے ہیں۔

 فیس بک نے بھی گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اس نے امریکہ میں صدارتی انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی ممکنہ بدامنی کے حوالے سے اپنے حصے کے اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔ جن میں بعض صارفین کی پوسٹوں کو کنٹرول یا ان کے پھیلاؤ کی رفتار کو کم کیا جاسکے گا۔

ٹرمپ کی جانب سے اپنی ناکامی کی صورت میں انتخابی نتائج کو تسلیم نہ کرنے کی باتوں نے ملک میں پرامن انتقال اقتدار کے حوالے سے تشویش پیدا کردی ہے اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات اور اس کے نتائج کے اعلان کے بعد امریکہ میں تشدد پھوٹ سکتا ہے۔

 

ٹیگس