Nov ۲۴, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۴ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی رٹ، انتخابات میں دھاندلی ہوئی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتقال اقتدار کی اجازت دے دینے کے بعد ایک بار پھر اپنی شکست ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

انتقال اقتدار کی حامی بھرنے کے کچھ ہی گھنٹے بعد صدر ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ وہ دھاندلی زدہ انتخابی نتائج کو ہرگز تسلیم نہیں گریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ صدارتی انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ جعلی ووٹوں اور ڈومینن سافٹ ویئر کے ذریعے بنائے گئے انتخابی نتائج کی توثیق نہیں کریں گے۔

قبل ازیں ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدوار کو اقتدار کی منتقلی کا عمل شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

امریکہ کی جنرل سروس ایجنسی جی ایس اے نے بھی نو منتخب صدر جو بائیڈن کو اطلاع دی ہے کہ وہ انتقال اقتدار کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے آمادہ ہے۔ جی ایس اے کی جانب سے جو بائیڈن کی ٹیم کو لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ وہ انتخابات جیت چکے ہیں لہذا انتقال اقتدار کا عمل شروع کر سکتے ہیں۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جو اب تک اپنی شکست تسلیم کرنے سے گریز کرتے آئے ہیں، یکے بعد دیگر دو ٹوئیٹ کیے ہیں جن میں سے پہلے ٹوئیٹ میں انہوں نے انتقال اقتدار کا عمل شروع کرنے کی توثیق کی ہے جبکہ دوسرے میں حالیہ صدارتی انتخابات کو ملک کی تاریخ کے سب سے زیاد دھاندلی زدہ انتخابات قرار دیا ہے۔

ٹیگس